منگلورو،9؍ مارچ (ایس او نیوز) منگلورو شہر اور اطراف آج صبح بن موسم کی برسات دیکھنے کو ملی جس کی وجہ سے شدید گرمی سے متاثرہ لوگوں نے تھوڑی راحت کی سانس لی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق روزاریو روڈ پر اسٹیٹ بینک کے پاس ایک بہت بڑا درخت زمین سے اکھڑ کر سڑک کنارے پارک کی گئی لاری پر گر گیا ۔ لاری ڈرائیور پورشوتم شالے نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے لاری سے کود کر اپنی جان بچائی ۔ درخت گرنے سے لاری کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔ خوش قسمتی سے جس وقت درخت گرا اس وقت سڑک پر لوگوں یا گاڑیوں کی چہل پہل نہیں تھی ۔ درخت گرنے سے پوری سڑک بلاک ہوگئی تھی۔
پانڈیشور فائر بریگیڈ کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر درخت کو کاٹنے اور ٹریفک کے لئے راستہ صاف کرنے کا کام انجام دیا ، جس کے دوران میسکام کے عملہ نے علاقہ کی بجلی منقطع کردی ۔ پانڈیشور پولیس اسٹیشن کے عملہ نے ٹریفک کو کنٹرول کیا۔